اِنٹر نیٹ بہت شاندار سہولت ہے۔ یہ بڑی دلچسپ بات ہے کہ اِس قدر زیادہ معلومات آپ کی انگلیوں کے چند اِشاروں سے حاصل ہوسکتی ہیں۔ مِیلوں دُور دوستوں اور خاندان کے افراد سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
البتّہ ، تحفظ کے کچھ خیا لات بھی ہیں جن کو ذہن میں رکھنا چاہئے تا کہ اِنٹر نیٹ کی تمام سہولتوں سے فائدہ اُٹھایا جا سکے اوراِنٹر نیٹ کے ممکنہ غلط استعمال سے محفوظ بھی رہا جائے۔
مجھے اِنٹر نیٹ پر تحفظ کے بارے میں جاننے کی کیوں ضرورت ہے؟
لوگوں سے آن لائن بات چیت اور ملاقات کرنا بڑا پُر لطف ہوتا ہے۔ لیکن آپ کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ آپ کے لئے غیر محفوظ بھی ہو سکتا ہے اور ماضی میں ایسا ہو بھی چکا ہے۔ بعض لوگ اِنٹر نیٹ کو، نوجوانوں کو غلط جنسی ترغیب دینے کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ ایسا کرنا اِس لئے آسان ہوتا ہے کہ اِنٹر نیٹ پر اپنی شناخت ظاہر کئے بغیر رابطہ کیاجا سکتا ہے۔
کوئی بھی شخص چَیٹ رُوم میں شِرکت کر سکتا ہے یا ای میل بھیج سکتا ہے اور خود کو اپنی مرضی کے مطابق کچھ بھی ظاہر کر سکتا ہے۔ وہ اپنی عمر، پیشہ، جسمانی خدوخال اور صنف کے بارے میں بھی کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔اور یہ بات نہایت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
کیا کوئی ایسی ویب سائٹس بھی ہیں جن کے بارے ہمیں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے؟
یسی ویب سائٹس جن پر نوجوان افراد بار بار جانے کا رُجحان رکھتے ہیں، مثلأٔ راک اِسٹارز، فلمی ستاروں، ویڈیو گیمز وغیرہ کے بارے میں چَیٹ رُومز۔ کوئی جنسی مُجرم چَیٹ رُوم میں شرکت کر سکتا ہے اور مثال کے طور پر خود کو 14 سالہ لڑکی کے طور پر ظاہر کر سکتا ہے۔
وہ کسی بھی آن لائن فرد کو پرائیویٹ رُوم میں آنے کی دعوت دے سکتا ہے تا کہ صِرف وہ دونوں کمپیوٹر کے ذریعے آپس بات چیت کر سکیں۔ نوجوان ا فراد کو بہت آسانی سے گمراہ کیا جا سکتا ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ہم خیال ساتھی سے بات چیت کر رہے ہیں
اِنٹر نیٹ پر تحفظ کے چند تصوّرات
اپنا نام، ای میل کا پتہ، گھر کا پتہ، فون نمبریااپنی تصویر وغیرہ، کسی قابلِ اعتماد فرد سے بات کئے بغیر کسی آن لائن دوست یا کسی ایسے فرد کو نہ دیجیے جس سے چَیٹ رُوم کے ذریعے بات چیت ہوئی ہو۔
کبھی کسی ناواقف کی جانب سے ظاہر کردہ معلومات پر بھروسہ نہ کیجئے۔
کسی قابلِ اعتماد فرد سے بات کئے بغیر کسی آن لائن واقف کار سے ملاقات کرنے پر کبھی تیار نہیں ہونا چاہئے۔ اگر ملاقات کرنا ہی ہے تو کسی کو ضرور بتائیے کہ آپ کہاں اور کس سے ملنے جا رہے ہیں اور صِرف کسی محفوظ عوامی جگہ پر ہی ملاقات کیجئے۔آپ اِس نئے فرد کے ساتھ اپنے کسی دوست بلکہ گروپ کے ساتھ ملاقات کیجئے۔
اگر اِنٹرنیٹ پر ملنے والے فرد کی جانب سے اکیلے ملاقات کرنے کا اِصرار ہو تو خوش نہ ہوجائیے بلکہ اِس بات کو شک کی نظر سے دیکھئے۔ کسی نئے دوست کو بھی آپ سے ملاقات کے وقت محتاط ہونا چاہئے۔
اپنے پاس ورڈ زکو ہمیشہ خُفیہ رکھئے۔ اور اِنہیں جلد جلد تبدیل کرتے رہنا چاہئے۔
غیر اخلاقی اوردھمکی آمیز ای میل کا جواب نہ دیجئے۔اگر یہ سلسلہ جاری رہے تو کسی قابلِ اعتماد فرد کو بتائیے یا مقامی سروس فراہم کرنے والوں کو بتائیے۔ (اِنٹر نیٹ سوفٹ ویئر میں ایسے طریقے موجود ہوتے ہیں جن کے ذریعے ایسے پیغامات کو بلاک کیا جا سکتا ہے اور آپ اِس سلسلے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں) ۔